ابوظہبی (مانیٹرنگ ڈیسک) متحدہ عرب امارات کی ایمریٹس ائیرلائن کا شمار دنیا کی بہترین ائیرلائنوں میں ہوتا ہے اور یہ فضائی کمپنی دنیا کی اول درجے کی ائیرلائن کا اعزاز متعدد مرتبہ حاصل کرچکی ہے۔ آپ کو یہ جان کر حیرانی اور خوشی محسوس ہوگی کہ جب 30 سال قبل اس ائیرلائن نے اپنے سفر کا آغاز کیا تو اس کی پہلی پرواز کسی مغربی ملک، اور حتٰی کہ کسی عرب ملک بھی نہیں بلکہ پاکستان کے لئے روانہ ہوئی اور کراچی شہر اس کی پہلی منزل تھا۔
اب تک اس ائیرلائن کے ذریعے کروڑوں افراد سفر کرچکے ہیں لیکن اس کے پہلے مسافر متحدہ عرب امارات کے شہری عبدالرحمان محمد عقیل الزرونی تھے جنہوں نے گلف نیوزسے بات کرتے ہوئے پہلی دفعہ انکشاف کیا ہے کہ وہ اس ائیرلائن کا پہلا ٹکٹ خریدنے والے مسافر تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ پہلی پرواز میں 133مسافر سوار تھے اور یہ دوپہر کے وقت دبئی سے روانہ ہونے کے بعد تقریباً ایک گھنٹے بعد پاکستان میں کراچی کے ائیرپورٹ پر اتری تھی۔
الزرونی کا یہ بھی کہنا تھا کہ اب انہیں یہ تو یاد نہیں رہا کہ پہلے ٹکٹ کی قیمت کیا تھی لیکن شائد یہ 800 درہم کا ریٹرن ٹکٹ تھا۔ آج ایمریٹس ائیرلائن مسافروں کی تعداد کے لحاظ سے دنیا کی سب سے بڑی ائیرلائن ہے، جبکہ خدمات کی کوالٹی اور مسافروں کے تحفظ کے معیار کے حوالے سے بھی اسے دنیا کی بہترین ائیرلائن قرار دیا جاتا ہے۔
ایمرٹس ائیرلائن کی پہلی پرواز کی کہانی، کیا آپ کو معلوم ہے یہ فلائٹ کس شہر گئی تھی؟
Posted on at